لا زوال سورج (شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام )

امام حسن عسکری علیہ السلام ۸ ربیع الاول سن ۲۶۰ ہجری میں جمعہ کے روز نماز صبح کے وقت شہید ہوئے ۔ ابن بابویہ (رہ) اور دیگر علماء کا ماننا ہے کہ آپ کو خلیفہ وقت معتمد عباسی نے زہرا دغا کے ذریعہ شہید کروایا ۔
ابو سہیل ناقل ہیں " میں امام حسن عسکری علیہ السلام کے پاس موجود تھا جس وقت امام (ع) نے اپنے خادم سے فرمایا کہ تھوڑا سا پانی کھولا کر لاؤ ۔ جب پانی گرم ہو گیا تو حضرت حجت(عج) کی والدہ گرامی اسے لے کر امام عسکری (ع) کی خدمت میں پہنچیں ۔جیسے ہی امام نے چاہا کہ پانی کے پیالے کو منھ سے لگائیں آپ کا دست مبارک کانپ گیا اور پانی کا پیالہ دانتوں سے ٹکرایا ،امام نے پیالہ زمین پر رکھا اور اپنے خادم سے فرمایا : " اس حجرے میں جاؤ وہاں پر ایک بچہ سجدہ کی حالت میں ہوگا اسے میرے پاس لے آؤ "

ابو سہل کہتے ہیں کہ خادم نے کہا : " میں حجرے میں پہنچا تو دیکھا ایک بچہ اپنا سرسجدہ میں رکھے ہوئے ہے اور اپنے انگلی سے آسمان کی جانب اٹھائے ہوئے ہے ۔ میں نے سلام عرض کی اور آنحضرت نے جواب سلام دیتے ہوئے اپنی نماز و سجدے کو مختصر کیا ۔جب نماز تمام ہو گئی تو میں نے عرض کیا امام عسکری علیہ السلام آپ کو بلا رہے ہیں ، اسی وقت آپ کی والدہ گرامی آئیں اور آنحضرت کو لے کر امام عسکری(ع) کے پاس پہنچیں ۔
ابو سہل کہتے ہیں جیسے ہی وہ بچہ امام عسکری علیہ السلام کے سامنے پہنچا اس نے سلام کیا میں نے اس کے چہرہ کو دیکھا جو بدر کامل کی طرح منور تھا اس کے بال گھنگھریلے تھے اور دونوں دانتوں کے درمیان فاصلہ تھا ۔جیسے ہی امام عسکری (ع) کی نگاہ اپنے فرزند پر پڑی تو آپ رونے لگے اور فرمایا : اے اپنے خاندان کے سردار! مجھے پانی پلاؤ میں اب اپنے پروردگار کی جانب کوچ کرنے والا ہوں ، آنحضرت نے پانی کا پیالہ اپنے ہاتھوں میں لیا اور اسے اپنے والد گرامی کے منہ میں لگا کر آپ کو سیراب کیا ۔ پھر امام عسکری علیہ السلام نے فرمایا : بیٹا ! میں تمھیں بشارت دیتا ہوں کہ تم مھدی اور حجت خدا ہو ،تم میرے فرزند اور میرے جانشین ہو تمھیں محمد بن حسن فرزند علی فرزند محمد فرزند علی فرزند موسیٰ فرزند جعفر فرزند محمد فرزند علی بن الحسین بن علی ابن ابیطالب (علیھم السلام ) ہو ۔ رسولخدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تمہارے باپ ہیں اور تم خاتم الاوصیاء(ع) ہو تم رسولخدا(ص) کے ہمنام ہو اور یہ وہ عہدہ ہے جو مجھے اپنے باپ اور انھیں اپنے آباء و اجداد علیھم السلام سے ملا ہے ۔
یہ کہتے ہوئے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام درجہ شہادت پر فائز ہو گئے ۔
اقتباس : کتاب الغیبۃ ، شیخ محمد بن حسن طوسی(رہ)