احکام حجاب و نا محرم

 ۱۔ نامحرم کے سامنے عورتوں کے لئے پیر کے پنجے کا چھپانا واجب ہے یا نہیں ؟
ہاں! پیر کے پنجوں کا پردہ واجب ہے ۔لطف اللہ صافی
۲۔ نامحرم کو سلام کرنا کیسا ہے ؟
کسی مجمع پر مجموعی طور پر سلام کہنا جائز ہے لیکن خاص کر کسی نامحرم کو سلام کہنا چونکہ عام طور پر فساد کا باعث ہے اس لئے اس سے پرہیز واجب ہے ۔ مولائے کائنات (ع) نے فرمایا : " میں جوان عورتوں کو سلام نہیں کرتا چونکہ مجھے ڈر ہے کہ میرے دل میں ایسی کیفیت پیدا ہو جو خداوند عالم کو پسند نہیں ہے " لطف اللہ صافی
۳۔ تنہائی میں دیر تک نامحرم سے باتیں کرنا کیسا ہے ؟

اگر ایسی جگہ پر ہوں جہاں دوسرا کوئی نہ آسکتا ہو تو ایسی جگہ پر دو نامحرم کا اکٹھا ہونا حرام ہے ۔ اور اگر اس کے علاوہ کسی جگہ پر ہیں اور شہوت آمیز گفتگو کریں جس سے فساد کا خوف ہو تو بھی اکٹھا ہونا جائزنہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۴۔ کیا خالہ زاد ، چچازاد بھائیوں کے سامنے بھی پردہ کرنا واجب ہے جبکہ وہ ہم سے سن دراز ہیں اور میرے باپ کے جیسے ہیں ؟
پھوپھی زاد ، خالہ زاد ،ماموں زاد و چچا زاد بھائی نا محرم ہیں ان کے سامنے پردہ کرنا واجب ہے اور بے پردگی گناہ کا باعث ہے ، سن دراز ہونا حکم میں تبدیلی کا باعث نہیں ہوگا ۔ لطف اللہ صافی

۵۔ کیا نامحرم لڑکیوں کے ساتھ عقد اخوت پڑھا جا سکتا ہے تاکہ بھائی بہن کی طرح زندگی گزاریں ؟
نہیں ! نامحرم لڑکیوں کے ساتھ عقد اخوت جائز نہیں ہے ۔ لڑکیوں کے ساتھ محرمیت صرف عقد دائم یا متعہ کے ذریعہ ممکن ہے جبکہ یہ عقد تمام شرائط کے ساتھ پڑھا گیا ہو ۔ لطف اللہ صافی
۶۔ چونکہ اسکولوں میں لڑکیوں اور لڑکوں کی کلاسیں ایک ساتھ ہوتی ہیں لہذا کبھی کبھی ناخواستہ طور پر نامحرم پر نظر پڑ جاتی ہے ، اس کا کیا حکم ہے ؟
قصد لذت اور عمداً نہ ہو تو حرام نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۷۔ شادی میں جب دولہا گھر کے اندر آتا ہے تو نامحرم عورتوں کے حجاب کا کیا حکم ہے ؟
نامحرم عورتوں پر واجب ہے کہ دولہے کے سامنے پردہ کریں، اس مسئلے میں شادی کی تقریب اور دیگر مقامات میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۸۔ اگر سن بلوغ سے پہلے کوئی تصویر لی گئی ہو اور بے پردہ ہو کیا اس تصویر کو نا محرم جیسے خالہ زاد بھائی یا پھوپھا دیکھ سکتے ہیں یا نہیں ؟
اگر نا محرم قصد لذت کے بغیر ان تصاویر کو دیکھے تو کوئی حرج نہیں ہے۔ آپ پر بھی اس کی کوئی شرعی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی ۔ لطف اللہ صافی
۹۔ شادی کی تقریبات میں عام طور پر عورتیں ایسے لباس میں رہتی ہیں جن سے بدن جھلکتا ہے اور وہاں مووی بھی بنائی جاتی ہے ، ایسے مواقع پر ہمارا کیا وظیفہ ہے ؟
اگر آپ کو معلوم ہے یا احتمال ہے کہ اس مووی کو آئندہ نا محرم افراد دیکھیں گے تو آپ حجاب کی پوری رعایت کریں اور اگر حجاب کی رعایت ممکن نہ ہوتو کیمرے کے سامنے نہ آئیں ۔ لطف اللہ صافی
لطف اللہ صافی
۱۰۔ دھوپ سے چہرے اور ہاتھوں کی حفاظت کے لئے جو کریم لگائی جاتی اگر اس میں خوشبو ہو اور اس سے چہرے کا رنگ سفید ہو جائے تو اس کا کیا حکم ہے ؟
اگر اس کریم کا لگانا زینت نہ کہا جائے اور اس کی خوشبو نامحرم کے احساسات کو تحریک نہ کرے تو اس کے لگانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن نا محرم کے سامنے چہرے کا پردہ واجب ہے ۔ لطف اللہ صافی
۱۱۔ ہمارے گھر میں رسم ہے کہ تمام رشتہ دار ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے ہیں ، بغیر قصد لذت کے ہاتھ ملانے کا کیا حکم ہے ؟
نامحرم سے ہاتھ ملانا چاہے بغیر قصد لذت ہی ہو ، حرام ہے ، چاہے چچازادے یا ماموں زادے جیسے قریبی رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں ۔ ضروری ہے کہ انھیں شرعی احکام سے آشنا کیا جائے ۔ لطف اللہ صافی
۱۲۔ کیا جوان چچا یا ماموں اپنی جوان بھتیجی اور بھانجیوں کو چوم سکتے ہیں ؟
اگر لذت کا قصد نہ ہو تو کوئی حرج نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۱۳۔ کیا بھوں(eyebrow) کے بال صاف کر کے انھیں رنگ کرنا جائز ہے ؟
عورتوں کے لئے بھوں کے بال صاف کروانا جائز ہے لیکن انھیں نامحرم سے پوشیدہ رکھنا واجب ہے ۔ لطف اللہ صافی
۱۴۔ درس کو اچھی طرح سے سمجھنے کے لئے مرد استاد کے چہرے کی طرف دیکھنا کیسا ہے ؟
نامحرم مرد کے چہرے ،ہاتھ اور گردن کی طرف بغیر قصد لذت کے دیکھنا جائز ہے ۔ لطف اللہ صافی
۱۵۔ عورتوں کے لئے ہلکے موزے پہننا کیسا ہے ؟
چونکہ نامحرم کے سامنے پیروں کا چھپانا واجب ہے اس لئے نامحرم کے سامنے ہلکے موزے پہننا جس سے پیر دکھائی دیتا ہو ، جائز نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۱۶۔ اگر انسان اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ زیارت کے لئے جائے تو کیا اس کی زیارت صحیح ہے ؟
زیارت کے لئے جانا ثواب ہے ، اگر انسان اس ثواب کے راستے میں گناہ کا مرتکب ہو تو واضح ہے کہ اسے زیارت کا معین اجر و ثواب نہیں مل سکے گا بلکہ ممکن ہے اس کے گناہ بھی بڑھ جائیں ۔ لطف اللہ صافی
۱۷ ۔ کیا عورتوں کے لئے تنگ اور چھوٹے کپڑے پہننا جائز ہے ؟
نامحرم کے سامنے عورتوں کا لباس ایسا ہونا چاہئے جو پورے بدن کو ڈھانک سکے اور ایسا نہ ہو جس سے نامحرم کے احساسات تحریک ہوں ، یعنی بدن کی بناوٹ ظاہر نہ ہو ۔ لطف اللہ صافی
۱۸۔ نامحرم سے بات کرتے وقت مسکرانا کیسا ہے ؟
مسکرانا یا ایسا کام کرنا جس سے نامحرم تحریک ہو ، جائز نہیں ہے ، حدیث میں آیا ہے کہ نامحرم سے ایک لفظ مذاق کرنے کی سزاآخرت میں ایک ہزار سال قید ہے ۔ لطف اللہ صافی
۱۹ ۔ ایسے طبی معاینے کا کیا حکم ہے جس میں نامحرم کو چھونا یا دیکھنا پڑے ؟
اگر کوئی مریض کا ہم صنف ڈاکٹر نہ ہو تو ضرورت بھر دیکھنا اور چھونا جائز ہے ۔ لطف اللہ صافی
۲۰۔ میں ایک نرس ہوں ہاسپٹل میں کام کے وقت کبھی ساتھیوں کے ہاتھ سے ہاتھ ٹکرا جاتا ہے ، جبکہ اس میں کوئی قصد یا غرض نہیں ہوتی ہے اگر چہ میں پوری کوشش کرتی ہوں کہ اس سے بچوں ۔ کیا میں اس کی وجہ سے گناہگار ہوں ؟
اگر کام کے درمیان اتفاقی طور پر ہاتھ ٹکرا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے لیکن اگر آپ کو معلوم ہے کہ اس طرح سے بار بار پیش آتا رہے گا تو ضروری ہے کہ داستانہ پہنا کریں ۔ لطف اللہ صافی
۲۱۔ اگر کوئی نابالغ لڑکیوں کو دیکھ کر یا چھو کر لذت محسوس کرتا ہے تو اس کا کیا حکم ہے ؟
حرام ہے ۔ لطف اللہ صافی
۲۲۔ کیا سیاحوں (ٹوریسٹ) کے لئے پردہ لازمی قرار دینا ضروری ہے ؟
سیاح (ٹوریسٹ) حجاب کے حکم میں اپنے دین کے تابع ہیں لیکن جس طرح سے ان پر ملک کے دیگر قوانین کی رعایت ضروری ہے اسی طرح انھیں اس بات کی اجازت بھی نہیں دینی چاہئے کہ ہمارے دینی اور ثقافتی اقدار کی خلاف ورزی کریں یا فساد اور فحشاء پھیلانے کا باعث بنیں ۔ لطف اللہ صافی
۲۳۔ کیا مردوں کے لئے آدھی آستین کے لباس پہننا جائز ہے ؟
اگر مرد کو معلوم ہے کہ عورتیں لذت کے قصد سے اس کے ہاتھوں کو دیکھیں گی تو احتیاط واجب ہے کہ وہ ایسا لباس نہ پہنے ۔ لطف اللہ صافی
۲۴۔ کیا عزائے امام حسین علیہ السلام میں سیاہ لباس پہننا مکروہ ہے ؟
امام حسین علیہ السلام کے غم میں سیاہ لباس پہننا اسلامی شعائر کی تعظیم ہے اور شرعاً رجحان رکھتا ہے ،مکروہ نہیں ہے ۔ بہت سے فقہاء ،مراجع تقلید عاشور کے دن سیاہ قبائیں پہنتے ہیں ۔ لطف اللہ صافی
۲۵۔ لباس شہرت کا معیار کیا ہے ؟
لباس شہرت وہ لباس ہے جس کا رنگ ، سلائی کا انداز یا کسی دوسری وجہ سے پہننا مناسب نہ ہو یعنی اگر اسے لوگوں کے سامنے پہنا جائے تو لوگ اس کی طرف متوجہ ہوں اور انگشت نمائی کریں ۔ لطف اللہ صافی
۲۶۔ کیا ضروری ہے کہ عورتوں کا لباس سیاہ ہو؟
سیاہ لباس پہننا واجب نہیں ہے لیکن ان کے کپڑوں کا رنگ ایسا نہ ہونا چاہئے جو عرف کے خلاف ہو اور نامحرم کی توجہ اپنی طرف جذب کر لے ۔ لطف اللہ صافی

۲۷۔ تنگ مانٹو پہن کر گھر سے باہر نکلنا کیسا ہے ؟
عورتوں کا ایسے لباس میں نامحرم کے سامنے آنا جس سے ان کے بدن کی بناوٹ ظاہر ہو یا اس سے فساد کا خوف ہو ،جائز نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۲۸۔ کیا علاج کرنے والا ڈاکٹر مریض کے لئے محرم ہے ؟
ڈاکٹر مریض کے لئے محرم نہیں ہے لیکن علاج کے وقت اگر وہ بدن کے کسی حصہ کو دیکھے یا لمس کرے تو ضرورت کی حد تک یہ لمس اور نگاہ جائز ہے اور اگر داستانہ پہن کر لمس کرنے سے معاینہ ممکن ہو تو براہ راست ہاتھ لگانا جائز نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۲۹۔ کیا نا محرم کے پیر کو ٹخنے تک جن کا نماز میں چھپانا واجب نہیں ہے ،دیکھنا حرام ہے ؟
ہاں ! مرد کے لئے نامحرم کے پیروں کو دیکھنا بھی حرام ہے اور اگر نماز کی حالت میں عورت کو یہ معلوم ہو کہ اس کے پیر پر کسی کی نگاہ پڑ رہی ہے تو اس پر واجب ہے کہ اپنے پیروں کو بھی چھپائے ۔
۳۰ ۔ چونکہ اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کی کلاسیں ایکساتھ ہوتی ہیں تو اگر کسی نامحرم نظر پڑ جائے تو اس کا کیا حکم ہے ؟
بغیر قصد لذت اور غیر ارادی طور پر نظر پڑ جائے تو کوئی حرج نہیں ہے ۔ لطف اللہ صافی
۳۱۔ درسی کتابوں میں موجود غیر مسلمان مرد اور عورتوں کی نیم عریاں تصویروں کو دیکھنا کیسا ہے ؟
اگر لذت کا قصد نہ ہو اور کسی طرح کے فساد کا بھی خوف نہ ہو تو جائز ہے ۔ لطف اللہ صافی
۳۲۔ کفار کی عورتوں کے ہاتھ ،پیر ،چہرے اور بالوں کو دیکھنا کیسا ہے ؟
اگر لذت کا قصد نہ ہو اور حرام میں مبتلا ہونے کا خوف بھی نہ پایا جاتا ہو تو ان کے ان اعضاء کو دیکھنا جائز ہے جن کو عام طور پر وہ ظاہر رکھتی ہیں ۔ لطف اللہ صافی